sheenjeem@gmail.com
شگوفے
ترتیب: شین جیم
*
لگے عشق کی جب کسی کو گھُمَوڑی
نہ کام آئے پیسہ نہ کام آئے کَوڑی
مثل ہے کہ گھوڑا ہو یا کوئی افسر
اگاڑی ہی اچھّی نہ اچھّی پچھَوڑی
تلفّظ وہ ر کا ادا ڑ کرے ہے
جو دل ہم نے مانگا تو بولا کہ سَوڑی
کریں گے بیاں مدّعا مختصر ہم
تمنّا ہے دل میں نہ لمبی نہ چوڑی
بھلا ایسا ملنا بھی ملنا ہے شوکت
ابھی گھر سے آئی ابھی گھر کو دَوڑی
شوکت جمال
*
ناز تقوی پہ ہے جن کو وہ بزرگانِ کرام
نوجوانوں پہ ہی تنقید کیا کرتے ہیں
اور کچھ بن نہیں پڑتا تو یہ محرومِ شباب
چھُپ کے اخبارِ خواتین پڑھا کرتے ہیں
راغب مرادآبادی
*
مشرق کے طَور اور ہیں مغرب کے طَور اور
دونوں کے طرز و طَور میں کتنا تضاد ہے
مغرب میں آنکھ مارنا معمول کا سلام
مشرق میں یہ معاملہ وجہِ فساد ہے
بلبل کاشمیری
*
ایک کے مصرف میں سارا ملک ہے
ایک کے قبضے میں جسم و جان ہیں
دو ہی طبقے ہیں یہاں آسودہ حال
ڈاکٹر ہیں یا سیاستدان ہیں
مسعود ہاشمی
|