Welcome to ContactPakistan.com
 


مصروف لوگوں کیلئے دُبلا ہونے کے طریقے

آجکل کے دور میں موٹاپا ایک بہت بڑا مسئلہ بن گیا ہے ۔ موٹاپا بزاتِ خود ایک بہت بڑی بیماری ہے یا یہ کہنا کچھ غلط نہ ہو گا کہ موٹاپے سے ہی بہت ساری بیماریاں جنم لیتی ہیں۔ اسکے علاوہ اسمارٹ اور چاک و چوبند نظر آنے کیلئے بھی موٹاپے پر قابو پانا بہت ضروری ہے۔ اسلئے آجکل اگر کسی دعوت یا ضیافت میں جانے کا اتفاق ہوتا ہے تو دیکھنے میں یہ آیا ہے کہ خواتین روٹی یا چاولوں کی طرف کم ہی توجہ دیتی ہیں ۔ زیادہ تر خواتین سلاد یا اُبلی ہوئی چیزوں کی طرف نظر آتی ہیں۔اور ان سبھوں کا کہنا یہ ہے کہ وزن بہت تیزی سے بڑھ جاتا ہے۔کوئی کہتا ہے کھاؤ مگر کل زیادہ دیر تک ورزش کر لیناتو کوئی کہتا ہے کھائیں مگر پیٹ کا ایک کونا خالی چھوڑ دیں۔
موٹاپے سے جو عام بیماریاں جنم لیتی ہیں ان میں بُلند فشارِ خون ، جوڑوں میں درد، شکر، ڈپریشن جیسے امراض سرِ فہرست ہیں۔ اسلئے جدید سائنسی تحقیق سے یہ بات واضح ہو گئی ہے کہ آج کل بچوں کو شروع سے ہی ایسی غذائیں دی جائیں جن سے طاقت تو حاصل ہو مگر ماٹاپا کم سے کم ہو تا کہ بچوں کا جسم ابتدا سے ہی موٹاپے کی طرف مائل نہ ہو۔جن لوگوں کے پاس وقت ہوتا ہے وہ ورزش خانوں میں جا کر گھنٹوں ورزش کرتے ہیں۔ لیکن اکثریت ایسے لوگوں کی ہے جن میں زیادہ تر خواتین ہیں جو ورزش پر بلکل ہی دھیان نہیں دیتیں۔
دراصل آجکل کے اس مصروف دور میں لوگوں کے پاس اپنے آپکو وقت دینے کیلئے بلکل نہیں ہے ۔ لیکن ساتھ ہی ساتھ ہمیں سمارٹ اور چاک و چوبند بھی نظر آنا ہے اور اپنے آ پ کو بیماریوں سے دُور بھی رکھناہے۔ یہ سب تبھی ممکن ہو سکتا ہے کہ ہم قربانیاں دیں۔ قربانی کس طرح دیں ؟ کھانے سے ہاتھ روک کر اور گھنٹوں ورزش میں وقت گُزار کر۔لیکن جن کے پاس وقت کا فقدان ہو تو وہ کس طرح اپنے آپ کو اسمارٹ اور صحت مند رکھیں؟ جو لوگ بیٹھ کر کام کرتے ہیں اُنھیں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کیونکہ انکے جسم کا نچلا حصہ کافی بڑھ جاتا ہے با نسبت اوپر والے حصے کے۔ آجکل کمپیوٹر پر کام کرنے والے ان میں سرِ فہرست ہیں۔ کچھ لوگ تو ایسے بھی ہوتے ہیں جو دن میں آٹھ سے نو گھنٹے مستقل کمپیوٹر کے آگے بیٹھ کر کام کرتے ہیں ۔
یہ بات ہمیں اچھی طرح جان لینی چاہیے کہ قدرت نے ہمارے جسم کو اس طرح ترتیب نہیں دیا کہ ہم مسلسل بیٹھ کر گزاریں۔اس سے ہماری صحت متاثر ہوگی اور مختلف قسم کی بیماریوں کا سامنا بھی کرنا پڑے گا۔ یاد رہے کہ ہمیں اپنے اعصابی تناؤ کوکم کرنے کیلئے تھوڑی بہت محنت توکرنی ہے باوجود اسکے کہ وقت کی کمی اور کام کی زیادتی ہے۔ اس لئے ایک میز پر بیٹھ کر بھی ہاتھ پاؤں کو سیدھا کر کے اپنے اعصابی تناؤ میں کمی لائی جا سکتی ہے اور اسمارٹنس اور چستی بھی قائم رکھی جا سکتی ہے۔ یہاں پر یہ بتانا ضروری ہے کہ ہم مختلف طریقوں سے بیٹھ کر بھی ورزش کر سکتے ہیں جو کہ مندجہ زیل درج ہیں۔
1۔ کرسی پر بیٹھے ہوئے جب آپ
Keyboard پر کام کر رہے ہوں تو اپنی کمر کو چند منٹوں کیلئے بیٹھے بیٹھے ادھر اُدھر گھمائیں۔
2۔ اگر گھومنے والی کرسی پر بیٹھے ہیں تو بیٹھے بیٹھے اپنے جسم کو اسطرح گھمائیں جس طرح بیٹھنے والی حالت میں ڈانس کرتے ہیں۔
3۔ اپنے پاؤں کو بھی سیدھا کر کے وقفہ وقفہ سے گھمائیں ، ساتھ ہی اپنے دونوں گھٹنوں کو جوڑ کر اپنے دونوں پاؤں کو اوپر اور نیچے کریں اور ہر چند منٹوں کیلئے دوبارہ اس ورزش کو دہرائیں۔
4۔ اپنی کرسی سے اُٹھ کر چند منٹوں کیلئے چہل قدمی بھی کر سکتے ہیں۔
5۔ اپنے ہاتھ اور پاؤں کو دائیں بائیں کرنے سے پیچھے کے پٹھوں کے تناؤں میں کمی آ جاتی ہے۔
6۔ اپنے ہاتھ کی کلائیوں کو گھمائیں۔ ایسے کرنے سے کلائیوں کے پٹھوں کے تناؤ میں کمی لائی جا سکتی ہے۔جو کافی دیر تک ٹائپنگ کرنے سے محسوس کی جا سکتی ہے۔
7۔ اپنی سانسوں کو چند منٹوں کیلئے اندر کی طرف لیں اور ایک یا دو سیکنڈ کیلئے روکیں اور پھر باہر کی طرف نکالیں۔ اس عمل کو تین سے چار با ر دہرائیں۔
8۔ مہروں اور سینے کی بھی ورزش کی جا سکتی ہے۔ وہ کچھ اس طرح کہ اپنے پیچھے والے حصے کو کرسی کے ساتھ لگائیں اور ہاتھوں کو سر کے اوپر رکھیں اس دوران اوپر کی طرف دیکھیں ۔ ایسا چند منٹوں کیلئے کریں۔
آخر میں یہ کہنا چاہوں گی کہ اپنی گردن کو بھی آگے پیچھے اور دائیں بائیں گھمائیں تا کہ گردن کے مہروں کے درمیان کوئی خلا پیدا نہ ہو۔ اسکے علاوہ اپنے کھانوں میں چربی اور اور نشاستہ والی چیزوں کا کم سے کم استعمال کریں۔عام چائے کے بجائے سبز چائے کا استعمال کریں۔ ناشتہ ضرور کریں۔ اسکے علاوہ اپنی نیند کو حتی الوسع پورا کرنے کی کوشش کریں۔ اسکے علاوہ کسی بھی کھانے کو بلکل ختم نہ کریں مگر تھوڑا تھوڑا ۔ شکر کا استعمال بھی کم سے کم کریں۔ رات کا کھانا سونے سے تین چار گھنٹے پہلے کھا لیا کریں تا کہ کھانا اچھی طرح ہضم ہو جائے۔ایک ہفتہ میں ایک کلو وزن کم کریں اس سے زیادہ ہر گز نہیں۔ کیونکہ یاد رہے کہ وزن جتنا جلدی سے گرتا ہے بعد میں اُتنی ہی رفتار سے بڑھتا بھی ہے۔جلد سونے اور جلد اُٹھنے کی عادت کو اپنائیں۔کسی نے کیا خوب کہا کہ جلد اُٹھنے سے انسان تندرست و توانا ، دولت مند اور ساتھ ہی ساتھ صحت مند بھی ہوتا ہے۔میں سمجھتی ہوں کہ صحت مند رہنا بھی ایک بہت بڑی دولت ہے۔جن لوگوں کے پاس صحت نہیں ہوتی انکی مثال ایک خالی مغز جیسی ہوتی ہے۔ وہ دُنیا کی لزتوں سے لطف اندوز نہیں ہو سکتے ۔جب ہماری صحت نہیں رہتی تو تب ہمیں اندازہ ہوتا ہے کہ ہمارے پاس کچھ بھی نہیں ہے۔ اسی لئے تو کہتے ہیں کہ تندرستی ہزار نعمت ہے۔ اسلئے جہاں تک ممکن ہوسکے اپنی صحت کا خیال رکھیں۔ اور ساتھ ہی اپنے دل اور زہن کو بھی صاف رکھیں۔ اور زیادہ سے زیادہ اللہ رب العالمین کا شکریہ ادا کرنے کی کوشش کریں۔ جہاں تک ممکن ہو دوسرے کی مدد کریں، خاص طور پر بوڑھے اور بیمار لوگوں کی۔ اور ہمیشہ اللہ کی رضا پر راضی رہیں ۔ اورہمیشہ اپنے سے نیچے والے لوگوں کو دیکھیں نہ کہ اوپر والوں کو۔


Learn CPR

Register in our Virtual Blood Bank (Only KSA)

Click to send your Classified ads

KSA Newsletter Archives - Read all about our community in KSA
Be United - Join the Community
©Copyright notice