Welcome to ContactPakistan.com
 


خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی صحتیابی اوروطن واپسی کی خوشی میں  پاکستان انٹر نیشنل اسکول ( انگلش سیکشن) میں رنگا رنگ تقریب

 

رپورٹ : ثمینہ انصاری ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔جدہ
امت مسلمہ کے عظیم رہنماشاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی صحتیابی اور وطن واپسی کی خوشی میں پاکستان انٹر نیشنل اسکول( انگلش سیکشن) میں ’’ رینبو شو‘‘ کے زیر عنوان سے ایک رنگا رنگ تقریب منعقد ہوئی۔ جس میں ننھے فنکاروں نے نہ صرف اپنی فنی صلاحیتوں کا اظہار کیا بلکہ انہوں نے بالواسطہ طور پر یہ بھی ثابت کر دکھایا کہ انہیں تربیت دینے والے اذہان بھی کمال کی حدوں کو چھو رہے ہیں۔ اس مثالی رنگا رنگ تقریب کی صدارت اسکول کے لنک آفیسر قمر صدیق راجا نے کی ۔جبکہ اعزازی مہمانوں میں ترک قونصل جنرل مطلوع سن اور اردو نیوز کے منیجنگ ایڈیٹڑ طارق مشخص کے علاوہ ذرائع ابلاغ سے تعلق رکھنے والے صحافی حضرات شامل تھے۔ اس پروگرام کو کامیاب بنانے میں جہاں انتظامیہ، اساتذہ، والدین اور بچوں کی محنت شامل تھی وہیں کمیونٹی کے ارکان نے بھی مختلف تحائف دے کر اسے چار چاند لگا دیئے ۔اس پروگرام کے لئے شہید بینظیر بھٹوہال کو قوس قزح کے رنگوں سے انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا تھا ۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک سے ہوا ۔ اس کے بعد پاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانے بجائے گئے۔  اسکول کی پرنسپل مسز سحر کامران نے معزز مہمانوں ،والدین ،لنک آفیسر قمر صدیق راجا ، ترک قونصل جنرل مطلوع سن اور اردو نیوز کے منیجنگ ایڈیٹر طارق مشخص کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہاکہ ہم یہ رنگا رنگ تقریب اس موقع پر منعقد کر رہے ہیں جب پورے سعودی عرب میں خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی صحتیابی اوروطن واپسی کی خوشی میں جشن منایا جا رہا ہے۔ہم امت مسلمہ کے اس عظیم رہنماشاہ عبداللہ بن عبدالعزیزکو دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہتے ہیں۔ان کی صحتیابی ہمارے لئے انتہائی مسرت کا باعث ہے ۔ہم ان کی درازئ عمر اور صحت کاملہ کے لئے دعاگو ہیں۔ انھوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب پاکستانیوں کا دیارِ ثانی ہے ۔ دونوں ممالک کے مابین اخوت اور بھائی چارے کا مضبوط اور مثالی رشتہ قائم ہے۔ہماری دعا ہے کہ اللہ رب العزت، مسلم امہ پر اپنی عنایات اور رحمتوں کی بارش فرمائے۔ ہمیں آپس میں متحد رکھے اور عالم اسلام کو خوش حالی، امن اور خودمختاری کے راستے پر گامزن فرمائے۔آمین۔
’’رینبو شو‘‘ کے حوالے سے پرنسپل مسز سحر کامران نے کہا کہ یہ ہمارے اسکول کی سب سے رنگا رنگ تقریب ہے ۔آپ اس شو میں بچوں کی سحر انگیز کارکردگی کے ضرور معترف ہوں گے۔ مجھے یقین ہے کہ ان معصوم بچوں کی پرفارمنس آپ کے دلوں کو چھو جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اتنے چھوٹے بچوں کو سکھانا انتہائی مشکل کام ہے جس کے لئے ہمارے اساتذہ بلا شبہ قابلِ ستائش ہیں۔ ان ننھے ’’فنکاروں‘‘ کی حوصلہ افزائی کے لئے آپ کا بھرپور تعاون چاہئے۔ پاکستان انٹر نیشنل اسکول، انگلش سیکشن میں ننھے بچوں کی تعلیم و تربیت کا سلسلہ انہی کے انداز میں شروع ہوتا ہے۔ان طلبہ و طالبات کو کھیل کھیل میں دلچسپ سرگرمیوں کے ذریعے تعلیم دی جاتی ہے۔ہمارا مقصد بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا ، ان کی نشو ونما کرنا نیز کھیل کے دوران انہیں ہر ممکن سہولتیں فراہم کرناہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا پروگرام طلبہ ،اساتذہ اور والدین کی مشترکہ کاوشوں کا مظہر ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ آج والدین بھی اپنے بچوں کی کارکردگی دیکھ کر ضرور متاثر ہوں گے۔پرنسپل سحر کامران نے اس پروگرام کے انعقادکو خوبصورت بنانے کے لئے کی جانے والی تزہین و آرائش کے ضمن میں مسز شگفتہ شہزاد اور مس عابدہ اکرم کے علاوہ اسکول کی اسٹوڈنٹس کونسل کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا۔جنہوں نے اسکول کے تمام پروگراموں کے کامیاب انعقاد میں اہم کردار ادا کیا اور اپنی تمام ذمہ داریاں بحسن و خوبی ادا کیں۔انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ یہ طالبعلم ہمارے اسکول کے درخشاں ستارے ہیں۔
پرنسپل مسز سحر کامران کی تقریر کے بعد پروگرام کا باقاعدہ آغاز ہو اجس میں نرسری ، رسپشن،پہلی اور دوسری کلاس کے ساڑھے 3 سال سے لے کر7 سال کی عمر تک کے بچے شامل تھے ۔ان بچوں نے مختلف موضوعات پرٹیبلوز پیش کئے۔مختلف اور دیدہ زیب ملبوسات میں بچوں اور بچیوں نے دنیا کے مختلف ممالک کی ثقافت کی بھر پور عکاسی کی۔بچوں کی کارکردگی دیکھ کر ہال میں موجود والدین اور دیگر معزز مہمانوں نے تالیاں بجا کر معصوم فنکاروں کو داد و تحسین سے نوازا۔ ایک ٹیبلو میں تتلیوں، بھنوروں اور پھولوں سے آباد گلشن کا کاروباررواں دواں دکھایا گیا۔کسی ٹیبلو میں مشرق اور مغرب کے امتزاج کو اجاگر کیا گیا۔ایک نغمے پر بچوں نے مہارت کے ساتھ کونگ فو کے مختلف انداز دکھائے ۔ بادل، بجلی ، گرج چمک اور بارش کاخوبصورت سماں ایک ٹیبلو میں نہایت پراثرانداز میں پیش کیاگیا۔اس شو کے آخرمیں پیش کیا جانے والا ٹیبلوحقیقت کی منہ بولتی تصویر تھا۔ اس میں بچوں نے کرۂ ارض کا ماڈل تھام کراسے دہشت اور وحشت کی دھوپ سے نکال کر امن و سلامتی کی چھاؤں عطا کرنے کے عزمِ راسخ کا اظہار کیااور دنیا کویہ باور کرایا کہ پاکستان اور پاکستانیت در اصل امن اور انسانیت کا دوسرا نام ہے۔بچوں نے اس پرمغزاور بامعنی منظر کشی کا اختتام ’’
 E A C E‘‘ کے حروف پر مبنی پلے کارڈز اٹھا کراپنے عزائم کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔’’رینبو شو‘‘ کا آخری آئیٹم معروف ملی نغمے ’’جیوے پاکستان‘‘ پر مشتمل تھا۔ تمام بچے پاکستانی پرچم ہاتھوں میں لئے اسٹیج پرجمع ہوئے اور سب نے بآواز بلند ’’جیوے پاکستان‘‘گا کر وطن سے محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔اس موقع پر پرنسپل مسز سحر کامران وطن کی محبت سے سرشار پاکستانی پرچم لئے اسٹیج پر آئیں اور معماران مستقبل کے ساتھ جیوے جیوے پاکستان گایاجس سے سماں بندھ گیا اور پورا ہال وطنیت کے جذبے سے بھرپورنعروں اور تالیوں سے گونجتا رہا۔ یوں قوس قزح کے خوبصورت رنگوں کی آب و تاب سے شروع ہونے والا یہ پروگرام حاضرینِ محفل کو حب الوطنی کے پرجوش جذبے سے معمور کر کے ختم ہو گیا۔


Learn CPR

Register in our Virtual Blood Bank (Only KSA)

Click to send your Classified ads

KSA Newsletter Archives - Read all about our community in KSA
Be United - Join the Community
©Copyright notice