Welcome to ContactPakistan.com
 

فائیز چوھدری نے شہر ریاض کی سطح پر اردو سٹیج ڈرامہ کو متعارف کروانے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے

رپورٹ: سعید جاوید مغل، .........الریاض

انسان جب اپنے اندر جھانکے کی کوشش کرتا ہے تو پھر اس کے اندر کی صلاحیتیں تب اس پر عیاں ہوتی ہیں۔فائیز چوھدری نے جب اپنے اندر موجودصلاحیتوں کو جاننے کیلئے اپنے اندر جھانکا تو اسے لگا کہ وہ اپنے منتشرخیالات کو اداکاری کی عملی شکل میں ایک چھوٹی سکرین پر پیش کر سکتا ہے اور جلد ہی اس نے یہ موقع سعودی ٹیلیویژن پر حاصل کر لیا۔ وہ سعودی فنکاروں کے ساتھ پاکستانی فنکار ہونے کے باوجود اس کی اداکاری کی کارکردگی ایسی تھی کہ وہ ان سے بالکل علیحدہ نظر نہیں آتا تھا بلکہ اس کے کام اور کام میں لگن کی وجہ سے اسے اس بات کا بھی اعزاز حاصل ہو گیا تھا کہ اسے نئے فنکاروں کوسعودی ٹیلیویژن پر متعارف کروانے کا کام بھی سونپ دیا گیا تھا۔
فائیز چوھدری، ایک وجیہ اور خوبصورت چہرے کا نام ہے۔ فائیز نے ایک فنکار کی حیثیت سے جو اپنا سفر اختیار کیا تھا اس میں اس نے بدرجہ منازل طے کیں، اداکاری کی، سکرپٹ لکھا اور اپنی آواز کا جادو بھی جگایا۔ لیکن اس کے باوجود بھی اس کے دل میں تشنگی تھی۔ آخر اس نے اس تشنگی کا بھی مداوا کر لیا جس میں اس کو ڈیڑھ سال کا وقت صرف کرنا پڑا اور اس اثنا میں اس نے ڈرامہ لکھنے پر کام کیا۔فائیز چوھدری نے اس ڈرامہ کو یونیک انٹرٹینمنٹ کے پلیٹ فارم سے پیش کیا، اس مزاحیہ ڈرامہ کانام’’ غبارے‘‘ تھا جس کو انہوں نے سفارتخانہ پاکستان ریاض کے کمیونٹی ہال میں ایکٹ کیا۔یونیک انٹرٹینمنٹ کی انتظامیہ کی طرف سے یہ ڈرامہ خاص الخاص فیملی کیلئے تھا جس کی وجہ سے بغیر فیملی ممبرز کے علاوہ اس میں کسی کو بھی داخل ہونے کی اجازت نہ دی گئی جس کی وجہ سے کچھ نوجوانوں کو واپس جانے پر مایوسی ہوئی۔ڈرامہ کی اس افتتاحی تقریب میں بحثیت مہمان خصوصی ہیڈ آف چانسری صفدر حیات کو مدعو کیا گیا تھا اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی کپٹن (ر) سید حماد عابد بھی اس تقریب میں شریک تھے۔
فائیز نے دو ایکٹ کا مزاحیہ ڈرامہ لکھا اور اس کی ہدائیت کاری کا کام بھی خودانجام دیا۔ انسان اگر دل کا خوبصورت ہو تو پھر وہ ہر ایک کو احترام اور عزت دیتا ہے۔ فائیز نے اس ڈرامہ کیلئے جن فنکاروں کو چنا ان سب کو بہتر سے بہتر رول میں کاسٹ کیا۔ کہنے کو تو یہ مزاحیہ ڈرامہ تھا لیکن یہ ایک موجودہ معاشرہ پر سخت تنقید تھی، اس میں فائیز نے اس معاشرہ کی کمزوری کی نشان دہی کی تھی کہ کس طرح معاشرہ میں باحثیت لوگ گھر کے ملازموں پر بے انتہا اعتبار کر لیتے ہیں جس سے ان کی اپنی جان کو خطرہ ہی نہیں بلکہ ان کی خود کی جان بھی اسی اعتبار کی نذر ہو جاتی ہے۔ یہ ایسا ہی ایک ڈرامہ تھا جس میں ایک سیٹھ اپنے ڈرائیور اور گھر کی ملازمہ کی سازش کے نتیجہ میں قتل ہو جاتا ہے اور اس کی لاش کو چھپا دیا جاتا ہے۔ڈرائیور اورگھر کی ملازمہ جو اصل میں دونوں میاں بیوی ہوتے ہیں۔ وہ ساری دولت پر قبضہ کر لیتے ہیں اور خوب عیاشیوں میں اس روپئے پیسے کو لٹاتے ہیں، ان کے اپنے دو بچے ہوتے ہیں جو اس مفت کے مال کی وجہ سے نالائق بن جاتے ہیں۔ اس ڈرامہ میں فائیز چوھدری کا رول ایک پولیس انسپکٹر کا ہوتا ہے جو گھر کا ملازم بن کر اس قتل کا پردہ فاش کرتا ہے۔اس ڈارمہ کے پہلے ایکٹ کے بعد سٹیج پرگلوکار سیلم نے اپنی خوبصورت آواز میں گیت پیش کئے جس پر چھوٹے بچوں بہت لطف اندوز ہوئے اور اسٹیج کے سامنے انہوں نے خوب ڈانس کیا۔
اس مزاحیہ اسٹیج ڈرامہ کے اختتام پر مہمان خصوصی صفدر حیات نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں سب سے پہلے فائیز چوھدری اوران کے فنکار ساتھیوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے بہت ہی اچھا کام سر انجام دیا۔یہ اسٹیج ڈرامہ ایمبیسی ہال کا ہی نہیں بلکہ شہر ریاض کی سطح پر پیش کیا جانے والا پہلا تفریحی اسٹیج ڈرامہ تھا ۔ میرے خیال میں ایسے پروگرام ضرور منعقد ہونے چاہیں جس سے ایک مثبت تائثر ابھرتا ہے، پروگرام تو مختلف قسم کے ہوتے رہتے ہیں لیکن اس چیز سے تو ایک ہمارے اندر جوٹیلنٹ موجود ہے وہ سامنے آئے گا ۔یہ مثبت سرگرمی ہے جس سے فائدہ ملے گا اور مزید لوگ سامنے آئیں گے۔ اس وقت رات کے ساڑھے بارہ بج چکے ہیں لیکن اس کے باوجود بھی سب اس پروگرام کو انہماک سے دیکھ رہے تھے اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ سب اس سے محظوظ ہو رہے تھے۔اور جتنے پروگرام زیادہ ہوں گے میرے خیال میں یہ ہمارے لئے بہتر رہے گا۔ میں پھر دوبارہ ان سب کو مبارک باد پیش کرتا ہوں اور میں امید کرتا ہوں کہ آئیندہ ان کا جو پروگرام ہو گا اس میں یہ اس سے بھی زیادہ بہتر پر فارمنس پیش کریں گے۔
مہمان خصوصی صفدر حیات نے یونیک انٹرٹینمنٹ کی طرف سے فنکاروں میں تحائف تقسیم کئے، مہمانوں اور فنکاروں نے مل کرپاکستان کا قومی ترانہ پیش کیا جس کے ساتھ ہی یہ یادگاری تقریب اپنے اختتام کو پہنچی۔


Learn CPR

Register in our Virtual Blood Bank (Only KSA)

Click to send your Classified ads

KSA Newsletter Archives - Read all about our community in KSA
Be United - Join the Community
©Copyright notice