نعت رسول ﷺ

برائے ٰ۱۵ جنوری ۲۰۱۱ ؁ء

شاعر: محسن ؔ علوی جدہ سعودی عرب

نور دل و جاں، رشد وہدایت آپ ﷺ سے اچھا کون ہوا
آپ ﷺ جہاں پر سایہ رحمت ، آپ ﷺ سے اچھا کون ہوا



مدحت میں افکار ہمارے آپ ﷺ کے نور سے روشن ہیں
آپ ﷺ نے دی افکار کو وسعت ، آپ ﷺسے اچھا کون ہوا

سیرت پاک پیمبر ﷺ ہے عرفان حقیقت منبع نور
دل دیتا ہے اس کی شہادت، آپ ﷺ سے اچھا کون ہوا



نور ہدایت ، نور بصیرت ،نور رسالت ، نور یقیں
نور خدا کی آپ ﷺ پہ رحمت ، آپ ﷺ سے اچھا کون ہوا

اللہ رے معراج محبت اللہ کے محبوب ہیں آپ ﷺ
اللہ رے یہ شان یہ شوکت ، آپ ﷺ سے اچھا کون ہوا

 


احمد ﷺو حامدﷺ، حاشرﷺ وشاہدﷺ ظاہرﷺ وباطنﷺ اور مبینﷺ
آپ ﷺ سراپا دانش و رحمت، آپ ﷺسے اچھا کون ہوا

آپ ﷺ کی یہ معراج خدا سے خلوت میں قربت بھی نصیب
نعت مری معراج سعادت، آپ ﷺسے اچھا کون ہوا
 

 

نعت کہوں یہ میرا مقدر میرے لئے اعزاز ہیں آپ ﷺ
قرآں کے ہر لفظ کی حکمت، آپ ﷺسے اچھا کون ہوا



سچا ہوں سچائی کو آقا ﷺ میں نے آپ ﷺسے سیکھا ہے
آپ ﷺ شرافت، آپ ﷺ صداقت، آپ ﷺ سے اچھا کون ہوا

 

آپ ﷺ کہیں انسان ہوں میں ، دنیا میں کہیں ہے کوئی مثال
کوئی دکھادے آپﷺ سی سیرت ، آپ ﷺسے اچھا کون ہوا



ہم نے خدا کو آقا دل سے آپ ﷺ کی نسبت جانا ہے
آپ ﷺ ہیں ہر ایمان کی قوت ، آپ ﷺسے اچھا کون ہوا




حامد ﷺ و طٰہٰﷺ اور مبشرﷺ ، صادق ﷺ و کامل ﷺ اور امینﷺ
آپ ﷺ سے ہے توقیر امانت ، آپ ﷺ سے اچھا کون ہوا



صل علٰی، پھر صل علٰی، پھر صل علٰی، پھر صل علٰی
صل علٰی لب پر مری قسمت ، آپ ﷺ سے اچھا کون ہوا



خاتم ﷺ و عادل ﷺ اور مطہر ﷺ، صادق ﷺ و کامل ﷺ اور کریمﷺ
آپ ﷺ سے ہے انسان کی عظمت ، آپ ﷺ سے اچھا کون ہوا



قاسم ﷺو عاقب ﷺ ، حاشرﷺ و فاتح ﷺ حافظ ﷺ و شاہد ﷺ اور بشیر ﷺ
آپﷺ پہ آکر ختم نبوت ، آپ ﷺ سے اچھا کون ہوا



خالق نے دنیا کو سجایا آپ ﷺ سی نعمت ہم کو دی
آپ ﷺ سے ہے اس دہر کی زینت ، آپ ﷺ سے اچھا کون ہوا



کس کو بتاؤں دل کی محبت ، کس سے کہوں میں دل کا حال
محسن ؔ میں اور آپ ﷺ کی مدحت ، آپ ﷺ سے اچھا کون ہوا