Issue# 204

1st Feb 2011

شگوفے

ترتیب: شین جیم

Email: sheenjeem@gmail.com

 روزہ خوری


افطارِ صوم کی کچھ اگر دست گاہ ہو
اُس شخص کو ضرور ہے روزہ رکھا کرے
جس پاس روزہ کھول کے کھانے کو کچھ نہ ہو
روزہ اگر نہ کھائے تو ناچار کیا کرے
 

۔۔۔ مرزاغالب


 

 ابھی پیدا نہ ہو


اے مرے unborn  بیٹے، اے مرے would be  پسر
کون کہتا ہے کہ تجھ کو حقِّ پیدائش نہیں
صرف اتنی عرض ہے، کچھ روز مہلت دے مجھے

 
 

اس مہینے کے بجٹ میں کوئی گنجائش نہیں

 

۔۔۔ دلاور فگار


غمِ دوراں


کیا ہے عقدِ ثانی شیخ نے کل ایک بیوہ سے
تعلق پَر ابھی طرفین میں آدھا ہی آدھا ہے
اِدھر صدمہ ہے بیوی کا، اُدھر خاوند کا غم ہے
اِسے بیگم، اُسے مرحوم شوہر یاد آتا ہے

 

۔۔۔گستاخ  گیاوی

 

 

فیصلہ


کہا اِک نوجواں لڑکی نے یہ اپنی سہیلی سے
’’یہ میرا فیصلہ ہے
کہ جب تک عمر میری بیس سے اُوپر نہیں ہوتی
مری شادی نہیں ہوگی‘‘
کہا تڑسے سہیلی نے
’’مرا بھی فیصلہ سن لے
کسی اِسمارٹ سے
جب تک مری شادی نہ ہوجائے
تو میری عمر بھی
اُنیس سے اوپر نہیں ہوگی‘‘
 

۔۔۔ طالب  خوندمیری


(ان کا انتقالِ پُرملال 16 جنوری 2011  کو حیدرآباد میں ہوا)۔