Issue# 204

1st Feb 2011

 کمیونٹی کی خبریں

پاکستان انٹر نیشنل اسکول انگلش سیکشن میں اسٹوڈنٹس کونسل کی تقریب حلف برداری۔

Email: khalil_mussarat@hotmail.com

 رپورٹ: سید مسرت خلیل..................جدہ

پاکستان انٹرنیشنل اسکول ،انگلش سیکشن میں اسٹودنٹس کونسل کی حلف برداری کی تقریب اسکول کے شہید بے نظیر بھٹو ہال میں انتہائی شایان شان طریقے سے منعقد ہوئی ۔جس کی صدارت اسکول کے لنک آفیسر جناب قمر صدیق راجا نے کی ۔جبکہ اعزازی مہمانوں میں ترکی کے قونصل جنرل جناب صالح مطلو سن، جدہ چیمبر آف کامرس کے وائس چیئر مین جناب ماذن بترجی کے علاوہ پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے معزز صحافی حضرات اور کمیونٹی ممبرز شامل تھے۔ اسکول اسٹاف ثمینہ انصاری کے مطابق ہال کے داخلی دروازے تک راستے کو خوبصورت انداز میں سجایا گیا تھا اور سرخ گلاب کے پھولوں سے

 

 

 

لکھا ہوا 'Welcome' آنے والے مہمانوں سے اپنی محبت کا اظہار کر رہا تھا۔اسکول آمد پرمعزز مہمانوں کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔

 

پروگرام کا آغازعمار فاروقی کی تلاوت کلام پاک سے ہوا اس کے بعدپاکستان اور سعودی عرب کے قومی ترانے بجائے گئے ۔بعد ازاں اسکول کی پرنسپل مسز سحرکامران کو دعوت خطاب دی گئی۔ اس موقع پر مسز سحر کامران نے آنے والے تمام معزز مہمانوں جن میں اسکول کے لنک آفیسر جناب قمر صدیق راجا ، ترکی کے قونصل جنرل جناب صالح مطلو سن اورچیمبر آف کامرز کے وائس چیئر مین جناب معاذن بترجی سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام میں آپ کی شرکت نے اسے مزید عزت و وقار بخشا ہے۔انھوں نے کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میں یہاں ایک ایسے اسکول کی نمائندگی کر رہی ہوں جس کا شمار مشرق وسطیٰ کے بہترین اداروں میں ہوتا ہے اور طلبہ و طالبات کے شاندار نتائج اس کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔اس کامیابی کا سہرا طلبہ و طالبات، اساتذہ اور والدین کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے۔انھوں نے کہا کہ ہم نے تعلیم کے معیار کو بلندیوں تک لے جانے کا عزم کر رکھا ہے ۔ہمیں فخر ہے کہ ہم پاکستان کے مستقبل کے معماروں کی تربیت اس انداز میں کر رہے ہیں جو نہ صرف انھیں تعلیمی میدان میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرے بلکہ وہ زندگی میں آنے والی تمام مشکلات کا مقابلہ خود اعتمادی سے کر سکیں۔پرنسپل مسز سحر کامران نے کہا کہ پاکستان انٹرنیشنل اسکول ،انگلش سیکشن میں اسٹوڈنٹس کونسل کے قیام کا مقصد ان کی قائدانہ صلاحیتوں اور ان کی شخصیت کے پوشیدہ پہلوؤں کو کو اجاگر کرنا ، ان میں خود اعتمادی پیدا کرنا اور انھیں ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جس میں وہ بھر پورکارکردگی کا مظاہرہ کر کے ایک رول ماڈل کی حیثیت سے اپنے ساتھی طالب علموں کے سامنے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواسکیں۔ انھوں نے منتخب اسٹوڈنٹس کونسل اور کلاس پریفیکٹس کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ مجھے آپ سے بہت سی توقعات ہیں اور مجھے پورا یقین ہے کہ آپ ہمارے اعتماد پر پورا اتریں گے۔انھوں نے کہا کہ ہم نے آپ کو شاندار پلیٹ فارم مہیا کر دیا ہے اب یہ آپ کا فرض ہے کہ آپ اسے مثبت انداز میں ستعمال کریں۔آپ کو ایک بہترین ٹیم سپرٹ کا مظاہرہ کرنا ہو گا۔یاد رکھیے کہ حقیقی قائد وہ نہیں جو اول مقام حاصل کرنے کے لیے جدوجہد کرتے ہیں بلکہ حقیقی قائد وہ ہوتا ہے جو اپنی ٹیم کی کامیابی کے لیے تن من دھن سے جدوجہد کرتا ہے۔آپ کو یہ بات ہمیشہ ذہن میں رکھنی چاہیے کہ آپ کو معماران مستقبل کا کردار ادا کرنا ہے اور ملک و قوم کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کا پرچم ہمیشہ سر بلند رکھنا ہے۔ پرنسپل مسز سحر کامران کے خطاب کے بعد Y3 کے طلبہ وطالبات نے 'we are the world' پر خوبصورت پرفارمنس پیش کی ۔ پھراسکول کی پرنسپل اور اسٹوڈنٹ کونسل کی چیئرپرسن مسز سحر کامران کو اسٹوڈنٹس کونسل کے نو منتخب اراکین سے حلف لینے کی دعوت دی گئی ۔ حلف برداری کے بعد اسکول کے لنک آفیسر جناب قمر صدیق راجا ، ترکی کے قونصل جنرل جناب صالح مطلو سن اور چیمبر آف کامرس کے وائس چیئر مین جناب ماذن بترجی نے اسٹوڈنٹس کونسل کی ایگزیکٹیو باڈی کے علاوہ جنرل باڈی کے اراکین اور کلاس پریفکٹس کو بیجز اور اسناد دیں۔

اسٹوڈنٹس کونسل کی ایگزیکٹیو باڈی کے اراکین میںY-13کی رخشاں خالد صدر،Y-12 کی مشعل کامران نائب صدر، Y-10 کی ایشا امیرجنرل سیکریٹری، Y-9کی نمرہ شجاع خزانچی اورY-10کی فرزا خرم ایوینٹ مینجر جبکہ لڑکوں میں 13 Y-کے عدیل درانی صدر، Y-12کے حسن افتخار نائب صدر،Y-11کے شعیب خان جنرل سیکریٹری،Y-12 کے زاہد وصال خزانچی اور Y-12 کے فیصل افتخار ایوینٹ مینجر شامل ہیں۔ اس موقع پر اسٹودنٹس کونسل کے صدر عدیل درانی ،رخشاں اور نائب صدر حسن افتخار نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آپ لوگوں نے جو اہم ذمہ داری ہمیں سونپی ہے ہم اسے احسن طریقے سے نبھانے کی بھرپور کوشش کریں گے جبکہ طالبات کی نائب صدر مشعل کامران نے کہا کہ ہم قائد اعظم کے تین رہنما اصولوں’’اتحاد، تنظیم اور یقین محکم‘‘پر عمل پیرا رہنے کا تہیہ کئے ہوئے ہیں۔ اس موقع پر ایک دستاویزی فلم ’’ جاگو قائد کے لئے‘‘ دکھائی گئی۔اسکے علاوہ Y5 کی لڑکیوں نے ملی نغموں ’’ زمیں کی گود رنگ سے‘‘ Y10 کی طالبات نے ’’جنون سے اور عشق سے‘‘ پر اپنی خوبصورت پرفارمنس پیش کی ۔ آخر میں’’جیوے پاکستان ‘‘کی خوبصورت دھن پر کیک کاٹنے کی تقریب ہوئی ۔ ترک قونصل جنرل نے جس محبت اور جذبے سے پاکستان کاجھنڈا لہرایا،وہ پاک، ترک لازوال برادرانہ تعلقات کا منہ بولتا ثبوت تھا۔