Issue# 204

1st Feb 2011

 کمیونٹی کی خبریں

پاکستان پیرنٹس گروپ کی طرف سے سید ظہور الحسن گیلانی کے اعزاز میں

 الوداعی تقریب

Email: liaqat.anjum@sigmapaints.com

 رپورٹ: لیاقت انجم..................الخبر

پاکستان پیرنٹس گروپ (پی پی جی) کی طرف سے قونصلرویلفیئرسید ظہور الحسن گیلانی کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اعزاز کیا گیاجس میں سفیر پاکستان عمر خان علی شیر زئی نے خصوصی شرکت کی۔ ظہور گیلانی گریڈ 20 میں پرموٹ ہو کر پاکستان جا رہے ہیں۔ تقریب کی صدارت پی پی جی کے صدر چوہدری محمد سلیم طاہر نے کی جبکہ نظامت کے فرائض دانش اکرم نے خوبصورتی سے ادا کئے۔ عبداللہ شہباز نے تلاوت کلام پاک اور مضان احمد خان نے نعت رسول پیش کی۔ نوجوان محمد مراد علی نے امت مسلمہ اور پاکستان کے موجودہ حالات کے پس منظر میں ایک خوبصورت نظم پیش کی جسے بہت پسند کیا گیا اور سفیر پاکستان نے خصوصی طور پر اس کی کاپی دینے کی فرمائش کی۔پی پی جی کے سیکریٹری جنرل فضل مقصود بیگ نے سید ظہور الحسن گیلانی کی کمیونٹی اور سکول کے لئے کی گئی خدمات کو سراہا اور پی پی جی کے اغراض و مقاصد اور گزشتہ سال کے دوران کئے گئے فلاحی کاموں کی تفصیل پیش کی۔راحت الرحمٰن نے ظہور الحسن گیلانی کو منظوم خراج عقیدت پیش کیا۔ ممتاز گلو کار محمد اسلم صابر نے ملی نغمہ خوبصورتی سے گا کر سب کے دل موہ لئے۔

 

 

 

 

مہمان خصوصی سیدظہور الحسن گیلانی نے کہا میں آپ سب کا شکر گزار ہوں کہ آپ میری خدمات کا ذکرکر رہے ہیں لیکن میں نے کوئی بڑا کام نہیں کیا۔میں نے تو صرف ایمانداری سے اپنی ڈیوٹی ادا کی ہے جس کی مجھے تنخواہ ملتی رہی ہے اور میرا ضمیر مطمن ہے۔ اگر میری ڈیوٹی سے لوگ خوش ہیں تو ان کی مہربانی ہے ۔ انھوں نے کہا پاکستانی کمیونٹی فلاحی کاموں میں بہت بڑھ چڑھ کی حصہ لیتی ہے اور جہاں بھی ضرورت پڑتی ہے ہمیشہ آگے بڑھتی ہے۔ الریاض سے ہر مہینہ تقریباََ 40،50 ڈیڈ باڈیز پاکستان جاتی ہے جن کو بھجوانے کے اخراجات میں کمیونٹی کی رضا کارانہ خدمات کا بہت عمل دخل ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کریں کہ زیادہ سے زیادہ پاکستانیوں کو سعودی عرب بلائیں۔ ایک فرد کی سپورٹ ایک خاندان کی سپورٹ ہے۔

 

 

سفیر پاکستان عمر شیر زئی نے کہا میں نے اپنے پورے کیرےئر میں ظہور گیلانی جیسا محنتی اور ایماندار آفیسر نہیں دیکھا۔میں قسم کھا کر کہ سکتا ہوں کہ ظہور گیلانی ایک پائی بھی حرام کی نہیں کھاتا۔ایسے ایماندار اور محنتی آفیسر کی کمی بہت محسوس ہوگی۔سفیر پاکستان نے بتایا مقامی حکام سے درخواست کی کہ وہ ہمیں پاکستانی سکول کی اپنی بلڈنگ کی تعمیر کی اجازت دیں اور میں شکر گزار ہوں کہ انھوں نے اس کا وعدہ کیا ہے ۔ امید ہے بہت جلد دمام،الخبر پاکستانی کمیونٹی کا یہ دیرینہ مطالبہ پورا ہو جائے گا اور میرے جانے سے پہلے پہلے سکول کی بلڈنگ کی بنیاد رکھ دی جائے گی۔شیر زئی نے کہا کہ مشین ریڈایبل پاسپورٹ کے تاخیر کے بننے کے مسلے کے حل کے لئے حکومت پاکستان سے اور مشینوں اور عملے کا مطالبہ کیا ہے کیونکہ موجودہ مشینوں کے ذریعے روزانہ صرف 200 سے 250 تک پاسپورٹ بنائے جا سکتے ہیں جو کہ بہت کم ہیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت سے موبائل مشین یونٹ کا بھی مطالبہ کیا ہے تاکہ ایمبیسی سے دور کے شہروں میں مقیم پاکستانیوں کو وہاں جا کر خدمات مہیا کی جا سکیں۔ انھوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو درخواست کی ہے جب تک مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ کی راہ میں مشکلات کو پوری طرح حل نہیں ہو جاتا اس وقت تک یہاں کے لئے اگلے چھ ماہ اور مینوئل پاسپورٹ کا اجراء جاری رکھا جائے ۔ شیر زئی نے کہا کہ پاکستانیوں کے لئے سعودی حکومت کے دل میں بہت قدر ہے اور ہم ان کے شکر گزار ہیں کہ انھوں نے پاکستانیوں کو ہر ممکن سہولت مہیا کی ہے ۔ پاکستانیوں کو سعودی عرب سے پاکستان کی طرح محبت کرنی چاہیے اور یہاں کے قوانین کا پورا احترام کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کی خدمات کے لئے جان بھی قربان کرنے کو تیار ہوں۔میں نے نوکری کو داؤ پر لگا کر حج کرپشن سکینڈل کو بے نقاب کیا۔اگر حاجیوں کی خدمات کے بدلے نوکری جاتی ہے تو ایسی ہزاروں نوکریاں اللہ کے مہمانوں پر قربان ہیں۔


تقریب کے صدر چوہدری سلیم نے مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔ظہور گیلانی اور سفیر پاکستان کی خدمات کو سراہا اور سکول کو سابقہ کرپٹ بورڈ سے نجات دلانے پر خصوصی شکریہ ادا کیا۔چوہدری سلیم نے سکول کے پرنسپل چوہدری محمد نیاز کی سکول کامیابی سے چلانے پر تعریف کی اور یہ مطالبہ کیا کہ سکول کو اندرونی سیاست سے بھی پاک کیا جائے۔اور سابقہ بورڈ ممبران سے ٹکٹوں اور شاہی اخراجات والے معاملے کی پراگرس سے کمیونٹی کو آگا کیاجائے۔


ظہور الحسن گیلانی کو ان خدمات کی یاد میں پی پی جی کی جانب سے شیلڈ دے گئی جو کہ چوہدری سلیم نے گیلانی کو دی جبکہ ممتاز بزنس مین شہزاد ظفرکو ان کی خدمات کے صلے میں شیلڈ سفیر پاکستان کے ہاتھوں دی گئی۔


تقریب میں شامل عبدالجبار ، حسین خان، اعظم رندھاوا،رمضان صباح، شہباز خاں، ذوالفقار، چوہدری سرفراز، اور شہزاد سلیم کے نام قابل ذکر ہیں۔


دوسرے دن پاکستان کمیونٹی کونسل کے صدر ساجد خان عباسی نے اپنی رہائش گاہ پر ظہور گیلانی کو عصرانہ دیا اور شام کو الخبر سکول کے سٹاف کی طرف سے سید ظہور الحسن گیلانی کو عشائیہ دیا گیا۔