Issue# 204

1st Feb 2011

 کمیونٹی کی خبریں

 

پاکستان انٹر نیشنل اسکول( انگلش سیکشن) میں گرلز اور بوائز کے سالانہ کھیلوں کے مقابلے۔

Email: khalil_mussarat@hotmail.com

 رپورٹ: سید مسرت خلیل..................جدہ

پاکستان انٹرنیشل اسکول، انگلش سیکشن میں تین مرحلوں پر مشتمل سالانہ اسپورٹس ڈے منایا گیا۔ مرحلے میں نرسری سے لے کر کلاس ٹو تک کے بچوں اور بچیوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اسکول کو انتہائی خوبصورتی سے سجایا گیا۔کھیلوں میں شرکت کرنے والے طلبہ وطالبات کوچار ہاؤسز ’’ ریڈ ،گرین ،بلو اور ییلو‘‘میں تقسیم کیا گیا تھا۔ان کے علامتی نشان بالترتیب فالکنز،نینجاز،سواٹکیٹس اور ہاکس تھے۔تمام ہاؤسز نے اپنے لوگو کی مناسبت سے طلبہ وطالبات کے بیٹھنے کی جگہ کوجس محنت اور لگن سے سجایا ، وہ ان کی اسکول سے محبت کا مظہر تھی۔ تقریب کی صدارت اسکول کے لنک آفیسرجناب قمر صدیق راجا نے کی جبکہ اردو نیوز کے مینجنگ ایڈیٹر جناب طارق شخص نے بطور اعزازی مہمان شرکت کی ۔ تقریب میں پرنٹ میڈیا سے تعلق رکھنے والے معزز صحافی حضرات کے علاوہ والدین بھی موجود تھے۔


نتائج کے مطابق ریڈہاؤس 230 پوائنٹس سے پہلے نمبر پر رہا، بلیو ہاؤس 194پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، گرین ہاؤس 174پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور ییلوہاؤس171پوانٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا۔بعد ازاں اسکول کے لنک آفیسرجناب قمر صدیق راجا اور اردو نیوز کے مینجنگ ایڈیٹر جناب طارق شخص اور اسکول کی پرنسپل مسز سحر کامران نے جیتنے والے طلبہ و طالبات کو تمغے دئیے جن میں گولڈ،سلور اور برانز میڈل شامل تھے۔

 

 

 

 
دوسرے اور تیسرے مرحلے میں گرلز اور بوائز ونگز میں علیحدہ علیحدہ کھیلوں کا انعقاد کیا گیا ۔ کھیل دو روزجاری رہے۔پہلے روزگرلز ونگ میں اسپورٹس تقریب منعقدکی گئی ۔ ثمینہ انصاری کے مطابق اس عالیشان تقریب کی مہمان خصوصی شہزادی ہالہ بنت عبداللہ بن عبدالعزیز تھیں۔صدارت اسکول کے قونصل جنرل کی اہلیہ مسز فوزیہ سالک نے کی جبکہ ترک قونصل جنرل کی اہلیہ مسز عائشہ سن نے بطور اعزازی مہمان شرکت کی ۔تقریب کا آغازصبح نو بجے تلاوتِ کلام پاک اور نعتِ رسول مقبول سے ہوا۔جس کے بعدشہزادی ہالہ بنت عبداللہ بن عبدالعزیز نے پرچم کشائی کی اورپاکستان و سعودی عرب کے قومی ترانے بجائے گئے ۔ گرلز اسکاؤٹس نے پریڈ اور سلامی پیش کی ۔


شہزادی ہالہ نے اس تقریب میں شرکت پر بے حد مسرت کا اظہار کیا۔انہوں نے پرنسپل مسز سحر کامران کی اعلیٰ صلاحیتوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ میں آپ کی انتظامی صلاحیتوں اور اسکول کے اعلیٰ معیار سے بے حد متاثر ہوں ۔آپ قابل تحسین کام انتہائی کامیابی اور بہترین طریقے سے انجام دے رہی ہیں۔آپ کو خود پر فخر ہونا چاہیے۔ یقیناًآپ کے طلبا و طالبات بھی آپ پر فخر کرتے ہوں گے۔ اسکول کی پرنسپل مسز سحر کامران نے شہزادی ہالہ بنت عبداللہ بن عبدالعزیز کا نہ صرف اپنی بلکہ اساتذہ، والدین اور طالبات کی طرف سے لڑکیوں کے سالانہ کھیلوں کی تقریب میں شرکت پرشکریہ ادا کیا۔ انہوں نے معزز مہمان کا انتہائی گرمجوشی سے استقبال کرتے ہوئے کہا کہ آج اس تقریب میں آپ کی موجودگی ہمارے لئے باعث مسرت ہے ۔آپ کی شرکت نے اس تقریب کی عزت و وقار میں اضافہ کر دیا ہے۔درحقیقت یہ اسکول کیلئے ایک عظیم اور تاریخی دن ہے ۔سعودی عرب پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے ۔ہم سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان محبت اور عزت کے اس عظیم اور مضبوط رشتے کو سراہتے ہیں اور اس تقریب میں شرکت پر آپ کے شکر گزار ہیں۔ ہم خادم حرمین شریفین شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں اور ہمیں امید ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہو کر لوٹیں گے، ان شاء اللہ۔ سحر کامران نے مزید کہا کہ ہماری خوش قسمتی ہے کہ ایک اور برادر ملک ترکی کی طرف سے بھی اس پروگرام میں نمائندگی کی گئی ہے ۔ہم ترک قونصل جنرل کی اہلیہ عائشہ سن کی تقریب میں موجودگی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔میں طالبات کی ماؤں اور ان کے خاندان کے دیگر افراد کو بھی دل کی گہرائیوں سے خوش آمدید کہنا چاہتی ہوں۔آپ کی موجودگی ہمارے لئے بہت معانی رکھتی ہے اوریہ اسکول کی طالبات کے لئے حوصلہ افزاء ہے۔

 
پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن کے طلبہ وطالبات کی تعریف کرتے ہوئے پرنسپل مسز سحر کامران نے کہا کہ مئی جون 2010ء کے کیمبرج کے بیرونی امتحانات میں6 طالب علموں نے شاندار کامیابیاں حاصل کیں ۔اعلامیے کے مطابق زین علی آصف کو IGCSE کےL ES میں سعودی عرب میں اول قرار دیاگیا ۔فرحان خالد حسن نے پورے سعودی عرب میں اکنامکس کے اے لیول امتحان میں پہلی پوزیشن حاصل کی ۔حزیفہ عبدالروف نے اکاؤنٹنگ کے اے لیول امتحان میں پورے جدہ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ۔سید عتیبہ عمران نے پاکستان اسٹڈیز کے IGCSE کے امتحان میں ہائی اچیومنٹ حاصل کی جبکہ عائشہ طارق نے تینوں مضامین میں کیمبرج کے AS لیول میں پہلی پوزیشن حاصل کی اور یوسف علی منصور نے کیمبرج کے A لیول میں چاروں مضامین پہلی پوزیشن حاصل کی۔


پرنسپل مسز سحر کامران نے شاندار نتائج پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ پھر ہمارا اسکول 6 کیمبرج ایوارڈ حاصل کر کے خطے کے تمام اسکولوں میں سب سے آگے ہے اور اس نے ایک مثالی ریکارڈ قائم کیا ہے۔پاکستان انٹرنیشنل اسکول،انگلش سیکشن نے یہ ثابت کر دکھایا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ کے بہترین اداروں میں سے ایک ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی ہماری خوب سے خوب تر کیلئے جدوجہد کی غماز ہے ۔ہمارے طالب علموں نے امتحانات میں جوتاریخی کامیابیاں حاصل کیں ہمیں ا ن پر فخر ہے۔میں ایوارڈ حاصل کرنے والے طالب علموں ،ان کے والدین اور اساتذہ کو دلی مبارک باد پیش کرتی ہوں۔پاکستان انٹرنیشنل اسکول،انگلش سیکشن سعودی عرب میں پاکستان کی ایک مضبوط پہچان بن چکا ہے۔ اس اسکول کے بچوں کی تعلیمی میدان میں شاندار کامیابیاں ملک اور پاکستانی کمیونٹی کے لئے باعث افتخار ہیں۔


سحر کامران کے خطاب کے بعدطالبات نے ’’اولمپکس‘‘کے انداز میںیکے بعد دیگرے ایک دوسرے کو مشعل دیتے ہوئے گراؤنڈ کا چکر لگایا اور مہمانِ خصوصی پرنسس ہالہ بنت عبداللہ بن عبدالعزیز کو شمع روشن کرنے کی دعوت دی۔انہوں نے شمع روشن کر کے گرلز ونگز کے کھیلوں کا باقاعدہ آغاز کیا ۔بعد ازاں چاروں ہاؤسز کی چیئر لیڈرز نے اپنے اپنے لوگو کی مناسبت سے مختلف علامتی روپ دھار کر بہترین انداز میں چیئر لیڈنگ کی۔ اس کے بعد اولمپک مارچ ہوا ۔کھلاڑیوں نے اپنے ہاؤسز کے رنگ کی مناسبت سے اپنے آپ کو مختلف انداز میں سجایا ہوا تھا اور ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے ۔ تمام اساتذہ نے اپنے اپنے ہاؤسز کو جس خوبصورتی سے سجایا ، اس سے ان کی محنت ،لگن، شوق اور دلچسپی صاف نظر آ رہی تھی۔ تمام کھلاڑی اسٹیج کے سامنے سے ہوتے ہوئے اپنے اپنے ہاؤسز میں جا بیٹھے۔


اس کے بعد کھیلوں کاآغاز ہواجن میں ٹائی دا لیس ریس، کیٹرپلر ریس ، ھوپ ریس ،ٹیلی میچ ، تھری لیگڈ ، 100 ، 200 اور 400 میٹرریس ، ہرڈل ریس اور ریلے ریس کے علاوہ کراٹے اور جمناسٹک کے مظاہرے شامل تھے جن میں لڑکیوں کی مہارت حقیقتاً قابل ستائش تھی۔ تمام شرکاء کی طرف سے ان مقابلوں کوبے حد پذیرائی ملی ۔ آخر میں تقریب میں شرکت کرنے والی طالبات کی ماؤ ں اور اساتذہ کے درمیان رسہ کشی کا انتہائی دلچسپ مقابلہ ہوا جس نے یہ ثابت کر دیا کہ ورکنگ ویمن، ہاؤس وائیوز سے جسمانی صحت کے اعتبار سے کسی بھی طرح کم نہیں۔ آخر میں پرنسپل مسز سحر کامران نے معزز مہمانوں، اساتذہ اور خاص طور پر پی ۔ای ٹیچرز کا شکریہ ادا کیا اورجیتنے والی طالبات میں تمغے تقسیم کئے۔نتائج کے مطابق گرین ہاؤس 361 پوائنٹس سے پہلے نمبر پر رہا،ریڈہاؤس 292پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بلیو ہاؤس 266پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور ییلوہاؤس237پوانٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا۔


دوسرے دن بوائز ونگ میں اسکول کے سالانہ کھیلوں کے تیسرے اور آخری مرحلے کا آغاز ہوا ۔ اسکول کے لنک آفیسر جناب قمر صدیق راجا مہمان خصوصی تھے ۔ پرنسپل مسز سحر کامران نے تمام حاضرین اور خاص طور پر مہمان خصوصی اسکول کے لنک آ فیسر جناب قمر صدیق راجا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میں ان کی انتہائی مشکور ہوں کہ انہوں نے اس تقریب کی صدارت قبول کر کے نہ صرف ہمیں عزت بخشی بلکہ بچوں کی حوصلہ افزائی بھی کی۔


بعدازاں مہمانِ خصوصی لنک آ فیسر جناب قمر صدیق راجا نے پرچم کشائی کی اور پاکستان نیز سعودی عرب کے قومی ترانے بجائے گئے ۔ پھر اسکاؤٹس پریڈ ہوئی جس کے معائنے کی دعوت اسکول کے لنک آفیسر جناب قمر صدیق راجا کو دی گئی۔اس پریڈ کو خصوصی طور پر سراہا گیا ۔ اس کے بعد چاروں ہاؤسز کے طلبہ نے یکے بعد دیگرے مشعل لے کر گراؤنڈ کا چکر مکمل کیا اور مہمانِ خصوصی کو شمع روشن کرنے کی دعوت دی ۔جنہوں نے شمع روشن کر کے بوائز ونگ کے کھیلوں کا آغاز کیا ۔طلبہ کے اسپورٹس مقابلوں میں پی ٹی ڈسپلے کے علاوہ مختلف نوعیت کی دوڑ یں مثلاً ٹائی دا لیس ریس، کیٹرپلر ریس ، ھوپ ریس ،ٹیلی میچ ، تھری لیگڈ ، 100 اور 400 میٹرریس ، ہرڈل ریس اور ریلے ریس کے علاوہ کراٹے اور جمناسٹک کے مظاہرے شامل تھے۔ریلے ریس اور جمناسٹک کے مظاہروں کو حاضرین نے بے حد پسند کیا ۔ اس کے بعد بچوں کے میل پیرنٹس اور اساتذہ کے درمیان ریلے ریس اور رسہ کشی کے مقابلے ہوئے جسے پاکستان انٹرنیشنل اسکول کے اساتذہ نے بآسانی جیت کر یہ ثابت کر دیا کہ میدان خواہ کوئی بھی ہو، وہ کسی سے کم نہیں ۔


اسپورٹس مقابلوں کے آخر میں نتائج کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق گرین ہاؤس 331 پوائنٹس حاصل کر کے پہلے نمبر پر رہا،ییلوہاؤس254پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بلیو ہاؤس 243پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اور ریڈہاؤس230پوانٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا۔ مجموعی نتائج کچھ اس طرح رہے، گرین ہاؤس 866 پوائنٹس کے ساتھ پہلے،ریڈوہاؤس752پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، بلیو ہاؤس703پوائنٹس کے ساتھ تیسرے اورییلوہاؤس662پوانٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہا ۔آخر میں جیتنے والے ہاؤسز کو ٹرافی دی گئی جبکہ مقابلوں میں اعلیٰ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلبہ میں تمغے تقسیم کئے گئے۔پرنسپل مسز سحر کامران نے اتنے کامیاب اسپورٹس ڈے کے انعقادپر تمام پی ای ٹیچرز اور پی ای کوآرڈینیٹر سر حامد رشید کی تعریف کی اور مہمان خصوصی جناب قمر صدیق راجا نے ان کوتمغے اور ٹرافی دی۔ یہ ٹرافی پی ای کوآرڈینیٹر سر حامد رشید نے وصول کی۔