Issue# 204

1st Feb 2011

 کمیونٹی کی خبریں

دارالحکمہ میں ٹیلنٹ شو ،پاکستان انٹر نیشنل اسکول، انگلش سیکشن جدہ کی طالبات نے روایتی ملبوسات اور ثقافت پر مبنی آئٹم پیش کیا ۔

Email: khalil_mussarat@hotmail.com

 رپورٹ: سید مسرت خلیل..................جدہ

 

 پاکستان انٹر نیشنل اسکول، انگلش سیکشن جدہ غیر نصابی سرگرمیوں کے ذریعے پاکستان اور پاکستانیت کے فروغ کی تگ و دو میں مصروف ہے۔ یہاں نہ صرف طا لبعلموں کو زیور علم سے آراستہ کیا جاتا ہے بلکہ ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کیا جاتا ہے۔اسی ضمن پاکستان انٹرنیشنل اسکول نے دارالحکمہ میں منعقدہ ٹیلنٹ شو میں حصہ لیا ۔ اس شو کا مقصد مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والی طالبات کوکو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع فراہم کرنا تھا۔اس شو میں پاکستان انٹرنیشنل اسکول کے علاوہ عرب اور فلپائن انٹرنیشنل اسکول بھی موجود تھے ۔ پروگرام میں طالبات نے اپنے ممالک کے روایتی رقص،گانے،خاکے اورنظمیں پیش کیں۔اس دوران انتہائی مسرت وانبساط کا وہ لمحہ بھی آیا جب پاکستان کانام لیا گیا اور ہال میں موجود تمام طالبات نے پاکستان کا نام سن کر زوردار تالیاں بجائیں۔جب سعودی کمپیئر نے اسٹیج سے اعلان کیا کہ اب پاکستان انٹرنیشنل اسکول، انگلش سیکشن کی جانب سے ایک آئٹم پیش کیا جاتا ہے تو ہال میں موجود حاضرین نے خوش آمدید کے نعرے لگائے۔

 

 

 

پاکستان انٹرنیشنل اسکول کی طالبات دلکش اور دیدہ زیب لباس میں ملبوس اسٹیج پر آئیں اور ’’میں نے تمہاری گاگرسے‘‘،’’ڈھولک بجے گی ساری رات‘‘ اور مشہور پنجابی لوک گیت ’’ بلے بلے نی ٹور پنجابن دی‘‘ پر خوبصورت رقص پیش کیا۔اس دوران عرب اور دیگر ممالک کی خواتین مسلسل تالیاں بجا کر پاکستانی طالبات کوداد و تحسین سے نوازتی رہیں۔پاکستانی ملبوسات کو جو پذیرائی ملی وہ انتہائی خوش آئندہے۔ اس شو میں پاکستان
 انٹر نیشنل اسکول ہی کی طالبہ علینا حسن نے اپنی خوبصورت آواز میں مشہور فلم ’’ٹائیٹینک‘‘ کا نغمہ ’’My heart will go on‘‘ گا کر حاضرین کے دل موہ لئے۔اس آئٹم میں پاکستانی ملبوسات اورثقافت کے حوالے سے طالبات کی کارکردگی کو بے حد سراہا گیا ۔
اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے قلبی اور برادرانہ تعلقات استوار ہیں۔ ایسی ثقافتی تقریبات دونوں ممالک کے عوام میں پائے جانے والے روابط کو مزید مستحکم کرتی ہیں اور ایک دوسرے کے ثقافتی تنوع کے بارے میں جاننے کا موقع فراہم کرتی ہیں۔


دارالحکمہ کالج میں پی آئی ایس جی، ای ایس کی طالبات اور پرنسپل کو ایک استقبالیے اور سابق وزیر و رکن پارلیمنٹ شاہد ملک کے لیکچر کے لئے بھی مدعو کیاگیا تھا۔ اس پلیٹ فارم سے طالب علموں کو تبادلۂ خیال کرنے اور اپنی آراء پیش کرنے کا موقع بھی ملا۔


اس میں کوئی شک نہیں کہ پاکستان ا نٹرنیشنل اسکول، انگلش سیکشن سعودی عرب میں پاکستان کی ایک مضبوط شناخت بن کر ابھرا ہے۔ یہ مادر علمی ا پنے طالبعلموں کو صلاحیتوں کے اظہار اور علم میں اضافے کے بھر پور مواقع فراہم کرتی ہے۔