Issue# 205

15th Feb 2011

Old Archives

اس شمارے کی اہم  خبریں

 

پاکستان انٹرنیشنل اسکول( انگلش سیکشن) جدہ میں پاکستانی سفیر عمر خان علی شیر زئی اور فالکن ایجوکیشن اینڈ کنسلٹنسی سروسزکے تعاون سے ایجوکیشنل کانفرنس کا انعقاد ۔

Email: khalil_mussarat@hotmail.com

 رپورٹ: سید مسرت خلیل..................جدہ

پاکستان انٹرنیشنل اسکول انگلش سیکشن جدہ میں پاکستانی سفیر عمر خان علی شیر زئی اور فالکن ایجوکیشن اینڈ کنسلٹنسی سروسزکے تعاون سے ایجوکیشنل کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔جس کا مقصد مستقبل میں اسکول کے طالب علموں کو برطانیہ کی یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے سے متعلق معلومات فراہم کرنا تھا۔اس کانفرنس میں 8یونیورسٹیوں نے شرکت کی جن میں ایسٹ لندن یونیورسٹی،ایسٹ اینگلیا یونیورسٹی، ساؤٹھمپٹن یونیورسٹی،ہڈر سفیلڈ یونیورسٹی،اینگلیا رسکن یونیورسٹی،بریڈ فورڈ کالج، برمنگھم یونیورسٹی اور لندن کالج آف اکاؤنٹنسی شامل تھیں۔برطانیہ کی قونصل جنرل کیٹ رڈ نے بھی اس کانفرنس میں خصوصی طورپر شرکت کی۔
میڈیا کوارڈینیٹرثمینہ انصاری کے مطابق پرنسپل مسز سحر کامران نے مہمان خصوصی، سفیر پاکستان عمر خان علی شیرزئی ، اعزازی مہمان برطانیہ کی قونصل جنرل محترمہ کیٹ رڈ کے علاوہ میڈیا اور یونیورسٹیوں کے نمائندوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ مجھے انتہائی خوشی ہے کہ میں آپ سب کا استقبال پاکستان انٹرنیشنل اسکول (انگلش سیکشن) میں کر رہی ہوں ۔یہ اسکول تعلیمی معیار کا منہ بولتا ثبوت ہے۔اسکول طالب علموں کو تعلیم کے علاوہ ایسے مواقع بھی فراہم کرتا ہے جو بچوں کی شخصیت میں نکھار پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ کامیاب مستقبل کی طرف انکی رہنمائی بھی کرتا ہے۔آج کی اس کانفرنس کا مقصد بھی یہی ہے اور مجھے پورا یقین ہے کہ ہمارے طالب علم اس فورم سے ضرور فائدہ اٹھائیں گے۔انھوں نے سفیر پاکستان عمر خا علی شیرزئی کے علاوہ فالکن ایجوکیشن کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس کانفرنس کاانعقاد ممکن بنایا۔انہوں نے مسز کیٹ رڈ سے بھی اظہار تشکر کیا جنہوں نے اپنا قیمتی وقت نکال کر اس کانفرنس کا افتتاح کیا ۔

سفیرپاکستان جناب عمر خان علی شیرزئی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے ہمیشہ اپنے طالب علموں کو دنیاکی بہترین یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کی خاطر بہتر سے بہتر سہولتیں مہیا کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس تعلیمی کانفرنس میں برطانیہ کی مشہور یونیورسٹیوں کا وفد شامل ہے جس میں ماہر تعلیم ،تعلیمی مشیر اور کونسلرز طلبہ کی رہنمائی کے لئے موجود ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اس کانفرنس کا بنیادی مقصد طالب علموں کوان جامعات کے بارے میں معلومات اور رہنمائی فراہم کرنا ہے۔

مسز کیٹ روڈ نے اپنے خطاب میں پاکستان انٹرنیشنل اسکول، انگلش سیکشن کے تعلیمی معیار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ اس اسکول کے طالب علموں نے ہمیشہ شاندار ریکارڈ قائم کئے ہیں اور اس مرتبہ بھی اے لیول کے 6 طلبہ وطالبات نے کیمبرج کے Outstanding Achiever Awards حاصل کر کے روایت برقرار رکھی ہے۔انہوں نے پرنسپل مسز سحر کامران کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے طالب علموں سے کہا کہ آپ کو اپنی پرنسپل پر فخر ہونا چاہئے جن کو ان کے قابل فخر کام پر حکومت پاکستان کی طرف سے تمغۂ امتیاز دیا گیا ہے۔