Welcome to ContactPakistan.com
 

بیرون ملک پاکستان کیلئے تعلیمی اور سماجی خدمات کے اعتراف میں صدر پاکستان کی طرف سے سحرکامران کیلئے تمغۂ امتیاز۔
رپورٹ : ثمینہ انصاری ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ جدہ


پاکستان ا نٹرنیشنل اسکول، انگلش سیکشن، جدہ کی پرنسپل مسز سحر کامران کو صدر پاکستان آصف علی زرداری نے 23 مارچ کو یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں ہونے والی پروقار تقریب میں تمغۂ امتیاز عطا کیا ۔ یہ اعزاز انہیں بیرون ملک پاکستان اور پاکستانیوں کے لئے تعلیمی اور سماجی خدمات کے اعتراف پر دیا گیا ہے۔ ان میں سعودی عرب میں پاکستان اور پاکستانیت کے فروغ نیز جدہ میں ہونے والے مختلف سعودی اور بین الاقوامی ،سماجی اور ثقافتی پروگراموں میں پاکستان کی نمائندگی کرنا، تعلیم کے میدان میں موثر کردار ادا کرنا، ضرورت مند طلبہ و طالبات کے لئے شہید بے نظیر بھٹو اسکالر شپ کا اجراء اور نوڈیرو میں بختاور ماڈل اسکول میں تین ضرورت مند طالب علموں کے وظیفے کا انتظام کرناشامل ہے۔ اس کے علاوہ 2005ء کے زلزلہ زدگان کے لئے رقم اور عطیات اکٹھے کرنے اور امدادی رقم جمع کرنے سے متعلق لوگوں میں شعور اور آگہی پیدا کرنے کی کامیاب مہمات چلانے، زلزلے سے متاثر اہلِ وطن کی امداد اور بحالی کے لئے پاکستان انٹر نیشنل اسکول، انگلش سیکشن میں 24 گھنٹے عطیات جمع کرنے ، 2006ء میں سعودی عرب میں
۱۱بے یار ومددگار پاکستانی خواتین کی وطن واپسی کے لئے ہوائی ٹکٹوں کا انتظام کرنے،2007 کے بم دھماکے میں متاثرین کے لئے خطیر رقم کی اعانت ، 2009 میں سوات اور بونیر کے متاثرین کی امداد اور اہل وطن میں اس سے متعلق شعور اور آگہی پیدا کرنے کے لئے کامیاب مہم چلانا بھی ان کی خدمات کی طویل فہرست میں شامل ہے۔ اس کے علاوہ سحر کامران نے عربوں میں مسئلہ کشمیر سے متعلق پاکستانی موقف اور کشمیر کاز کو اجاگر کرنے کی کوششیں تسلسل کے ساتھ جاری رکھی ہوئی ہیں۔ سحرکامران کی یہ سرگرمیاں انہیں اس اعزاز کا حقدار ثابت کرتی ہیں۔ عطائے اعزاز کے بعد سحر کامران نے خصوصی گفتگو کے دوران کہا کہ آج یہ قول ثابت ہو گیا کہ محنت میں عظمت ہے اور یہ عظمت اسی وقت میسر آتی ہے جب اس محنت کو سندِ پذیرائی عطا ہوتی ہے۔ آج میری زندگی کا انتہائی پُرمسرت دن ہے کیونکہ مجھے بیرون ملک ’’منی پاکستان‘‘ کی قیادت لئے دن رات ایک کرنے پر وطن عزیز کی قیادت نے تمغۂ امتیاز عطا کیا ہے۔ یہ اعزاز میرے لئے افتخار کا باعث ہے۔ میں اس کے لئے صدر اسلامی جمہوریہ پاکستان، آصف علی زرداری کی مشکور ہوں جنہوں نے پاکستان انٹرنیشنل اسکول، انگلش سیکشن، جدہ کی پرنسپل کے طور پر میری خدمات کو سراہا اور مجھ پر اعتماد کیا۔ میری دعا ہے کہ میں اس اعتماد پر پورا اتروں۔ تمغۂ امتیاز میری منزل نہیں بلکہ حصولِ منزل کی جدوجہد کے راستے کا ایک پڑاؤ ہے اور فی نفسہ یہ ایک عظیم ذمہ داری ہے۔ میری اس جہد مسلسل کے اعتراف کے بعد میری ذمہ داریاں اور بڑھ گئی ہیں۔ میں یہ بھی کہنا چاہتی ہوں کہ تمغۂ امتیاز صرف میری ذات کے لئے نہیں بلکہ یہ میرے طلبہ و طالبات، اساتذہ، تمام عملے اور اسکول کے لئے اعزاز ہے جوہمیں خوب سے خوب تر کی جانب نئے ولولے سے سفر جاری رکھنے کا حوصلہ بخشے گا۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ عظیم پاکستان اور’’ منی پاکستان‘‘ کی ترقی، خوشحالی اور کامرانی کے لئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کریں گے۔ میرا جینا مرنا وطن کے لئے ہے۔


Learn CPR

Register in our Virtual Blood Bank (Only KSA)

Click to send your Classified ads

KSA Newsletter Archives - Read all about our community in KSA
Be United - Join the Community
©Copyright notice