Welcome to ContactPakistan.com
 

پاکستان تھینکر فورم الریاض کے زیر اہتمام یوم پاکستان مشاعرہ
رپورٹ: سعید جاوید مغل، .........الریاض


پاکستان تھینکر فورم الریاض نے اپنے قیام کے بعد ہمیشہ سے ہی اس بات کی کوشش کی ہے کہ وطن عزیز پاکستان کو درپیش مسائل پر پاکستان کے دانشوروں کو اس پلیٹ فارم پردعوت دے کر ایسی سفارشات کو مرتب کرنے کی کوشش کرے جس سے پاکستان کی قیادت کو رہنمائی حاصل ہو سکے۔یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان تھینکر فورم الریاض نے ایک اور نیا قدم اٹھایا ہے کہ اردو کی ترقی اورترویج کیلئے بھی کوششیں کی جائیں اور ان کوششوں کو ایک مؤثر انداز سے پاکستان تھینکر فورم کے پلیٹ فارم سے عام کیا جائے۔ اردو کی ترقی اورترویج کے اسی سلسلہ کو آگے بڑھاتے ہوئے پاکستان تھینکر فورم نے یوم پاکستان کے موقع ہر ایک مشاعرہ کا اہتما م کیا۔
مشاعرہ کی اس تقریب کے مہمان خصوصی سفارتخانہ پاکستان الریاض کے کمیونٹی ویلفیئر اتاشی ڈاکٹر کاظم نیاز پاشا اور اس تقریب کے اعزازی مہمان سفارتخانہ پاکستان الریاض کے کمیونٹی ویلفیئر کیپٹن (ر) سیدحامدعابدتھے۔ اس مشاعرہ کی صدارت بشیر احمد مرزا نے کی جبکہ ناظم مشاعرہ پاکستان تھینکر فورم کے جنرل سیکریڑی وسیم ساجد تھے۔
وسیم ساجد نے آج کے مشاعرہ کی تقریب کے شرکاء کوخوش آمدید کہتے ہوئے تقریب کے حوالہ سے اس کی غرض و غایت بیاں کی۔ انہوں نے حاضرین کو ایک تشویش ناک پہلو کی طرف بھی توجہ دلائی کہ حال ہی میں ایک ایسا واقع پاکستان انٹرنیشنل اسکول میں درپیش آیا ہے جس نے ہماری توجہ اردو کی ترقی اورترویج کی طرف مبذول کر وائی ہے۔پاکستان انٹرنیشنل اسکول کے ایک طالب علم نے سالانہ امتحانات میں اردو کا پر چہ رومن اردو میں حل کیا ہے۔ اگر اسی طرح اردو کے ساتھ سلوک کیا گیا تو پھر یہ خدشہ ہے کہ اردو صرف بولنے کی حد تک رہ جائے گی اور ہمارے آنے والی نسل اس اردو سے نابلد ہو گی۔
وسیم ساجد نے آج کی مشاعرہ کی تقریب کا بقاعدہ آغاز کرتے ہوئے اس تقریب کے میزبان پاکستان تھینکر فورم الریاض کے صدر محمد خالد رانا کو اپنا کلام پیش کرنے کی دعوت۔
 
خالد رانا
خوف کے عالم میں ہیں سارے مکیں اس شہر کے
دیکھئے تیور ہیں کیا دریا کی اگلی لہر کے

ہر کوئی باندھ کے بیٹھا ہے رخت سفر یہاں لوگو
ہجرتیں بانٹ گیا کون اس شہر کے مکینوں میں

میزبان محمد خالد رانا کے بعد مہمان شاعروں نے اپنا اپناکلام پیش کیا۔

سلیم اصغر
مجھے ہے دعوت سخن وری کی جو دل میں ہے انتخاب لکھوں
چمن کو باغ بہشت لکھوں وطن کو رشک گلاب لکھوں
یہ کھیت و کھلیاں پہاڑ و صحرا حسین تر ہیں نظارے سارے
میں رنگ و نکہت و بادو باراں کا سلسلہ لاجواب لکھوں

غلام فرید بھٹہ
آس دا دامن میں فریدا چھڈیا نئیں
رکھ نواں اک لایا اے اج باغ دے وچ

وقار وامق
اک دیا جلانے میں کس قدر جھمیلے ہیں
اک مکاں کو جلنے میں دیر کتنی لگتی ہے

دل تو ایک بچہ ہے خواہشوں کا پتلا ہے
اور دل مچلنے میں دیر کتنی لگتی ہے

سلیم کاوش
میں اپنے شہر کو کوفہ بھی کہہ نہیں سکتا
مجھے کسی نے بھلا کب یہاں بلایا تھا

وہ میری موت پہ رونے کا حق رکھتا ہے
جو زندگی میں مرے ساتھ مسکرایا تھا

جاوید اختر جاوید
سخن گری کے نئے سلسلے تلاش کرو
نئے خیال نئے زاوئیے تلاش کرو

اگاؤ فصل سخن اب نئی زمینوں پر
نئی ردیف نئے قافیئے تلاش کرو

کاوش عباسی نے اپنی دو نظمیں " آہٹ" اور " ایک اور محبت" پیش کیں۔
مہمان اعزازی سیدحامدعابد نے اپنا تعارف پیش کرنے بعد شرکاء کوخطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تھینکر فورم الریاض نے اردو کی ترقی اورترویج کیلئے جو یہ قدم اٹھایا ہے یہ واقع ہی قابل تحسین ہے اور آج کا مشاعرہ اس کی بہترین کوشش ہے۔
مہمان خصوصی ڈاکٹر کاظم نیاز پاشانے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ آج مجھے اس مشاعرہ میں شرکت پر خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ یہ ایک ادبی محفل تھی اور ایسی ادبی محفلیں اردو کی ترقی اورترویج کیلئے سنگ میل ثابت ہوں گی۔ میں آج کے کامیاب مشاعرہ کے انعقاد پر پاکستان تھینکر فورم الریاض کے صدر اور آج کی تقریب کے میزبان صدر محمد خالد رانا کو مبارک باد پیش کرتا ہوں ۔ مجھے امید ہے کہ ایسی محفلوں کا انعقاد مستقبل میں بھی جاری رہے گا۔مہمان خصوصی ڈاکٹر کاظم نیاز پاشانے معروف پشتو شاعر غنی خان کا کلام پیش کرنے کے بعد اس کا اردو ترجمعہ بھی پیش کیا۔
اپنے صدارتی خطبہ میں بشیر احمد مرزا نے سب مہمانوں کا شکریہ ادا کیا کہ وہ خصوصی شرکت کیلئے تشریف لائے اور آج کے مشاعرہ کو کامیاب بنایا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ آج کے اس مشاعرہ میں قدآور شاعروں نے شرکت کی ہے اور مجھے مشاعرہ کی صدارت کا اعزاز بخشا گیا ہے کہ میں اس مشاعرہ کی صدارت کروں آج میرا قد بھی آج کے معزز مہمانان گرامی قدر کی وجہ سے بلند ہو گیا ہے۔
 


Learn CPR

Register in our Virtual Blood Bank (Only KSA)

Click to send your Classified ads

KSA Newsletter Archives - Read all about our community in KSA
Be United - Join the Community
©Copyright notice